قومی اور صوبائی اسمبلی کے 122 امیدوار دوہری شہریت کے حامل

اسلام آباد : عام انتخابات 2018 میں قومی اور صوبائی اسمبلی سے الیکشن لڑنے کے خواہاں 122 امیدوار دوہری شہریت کے حامل نکلے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے  ) کی جانب سے الیکشن کمیشن کو  دوہری شہریت کے حامل  امیدواروں کی فہرست موصول ہوگئی ، جس کے مطابق  قومی اور صوبائی اسمبلی میں حصہ لینے والے 122 امیدوار دوہری شہریت کے حامل ہیں۔

ایف آئی اے کی رپورٹ کے  مطابق  قومی اسمبلی کے 49 اور پنجاب اسمبلی کے 53 امیدواروں کے پاس دوہری شہریت ہے ، امیدوار امریکا، آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا اور سنگاپور  کی شہریت رکھتے ہیں یف آئی اے کے مطابق معروف سیاست دانوں میں مراد علی شاہ، فوزیہ قصوری اور احمد یار حراج کے پاس کینیڈا کی شہریت ہے۔ فیصل واوڈا، نادر لغاری اور گلفام سواتی امریکا کی شہریت رکھتے ہیں جب کہ فرحانہ قمر برطانوی شہری ہیں۔

الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والی دوہری شہریت کے حامل امیدواروں کی فہرست کے مطابق 60 امیداروں برطانوی شہریت ،26 کے پاس امریکی، 24 کے پاس کنییڈین شہریت ہے، 3 امیدواروں کے پاس آئرلینڈ، 2 کے پاس بلجیئم کی شہریت ہے۔

رپورٹ کے مطابق بعض امیدواروں کے پاس سنگاپور، آسٹریلیا، جرمنی،اٹلی، جنوبی افریقہ ، اسپین اور ازبکستان کی شہریت ہے۔

واضح رہے کہ دہری شہریت کا حامل شخص انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا، انتخابات میں حصہ لینے کے لیے دوسرے ملک کی شہریت ترک کرنا لازمی ہے۔