کینیڈا: جونیئر ہاکی ٹیم کی بس کو حادثہ، 14 کھلاڑی ہلاک

کینیڈا کی جونئیر ہاکی ٹیم کو لے جانے والی بس اور ٹریکٹر ٹرالی تصادم میں بس پر سوار28  کھلاڑیوں میں سے چودہ کھلاڑی ہلاک  اور باقی زخمی ہوگئے۔

کینیڈین میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ہمولڈٹ برونکس ٹیم کی بس جونییئر ہاکی لیگ کے میچ کے لیے کھلاڑیوں کو سسکاچون کی جانب لے کر جارہی تھی کہ ایک ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی۔

پولیس حکام نے ہلاکتوں اور مسافرون کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہےتاہم فیگر تفصیلات تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔ مذکورہ حادثہ ہائی وے 35 پر پیش آیا۔

ہاکی ٹیم کے صدر کیون گارنیگر نے  کہا کہ ’’ یہ حادثہ سوچ سے بھی کہیں زیادہ بڑا ہے۔  ہم اس حادثے پر صدمے اور بے یقینی کا شکار ہیں ‘‘۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے اس حادثےپرگہرے افسوس اور صدمے کااظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پرجاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ میں یہ تصور بھی نہیں کر سکتا کہ ان کھلاڑیوں کے والدین پر کیا گزر  رہی ہوگی۔ ‘‘

واضح رہے کہ کینیڈا کی برونکس ٹیم میں 24 کھلاڑی شامل ہیں  اور ان سب کا تعلق کینیڈا سے ہے۔ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی عمریں 16 سے 21 سال کے درمیان ہیں۔

کینیڈا میں جونیئر ہاکی ٹیم کے حادثے  نے 1986ء میں اسی علاقے میں ہونے والے ایک اور حادثے کی یاد بھی تازہ کردی جس میں ویسٹرن ہاکی لیگ کے چار ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔