نائیجر: مسجد میں تین خودکش حملے، 10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

نائیجر کی جنوبی مشرق میں واقع مسجد کے قریب 3 خودکش حملے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ نائجر کے شہر ’دیفا‘ میں پیش آیا جہاں مقامی مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد افطار کرنے میں مصروف تھی کہ اچانک تین خودکش دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 10 نمازی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسجد میں نمازی مغرب کی اذان سن کر معمول کے مطابق افطار کرنے میں مصروف تھے کہ اسی دوران یکے بعد دیگرے زور دار دھماکے ہوئے اور بھگدڑ مچ گئی جبکہ دھماکے میں دس افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔

ترجمان نائجر آرمی کا کہنا ہے کہ شہر دیفا میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور افریقہ کے دیگر ممالک سے جڑے نائجری بارڈرز پر سخت کنڑول ہے تاکہ شدت پسند عناصر ملک میں گھس نہ سکے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حملے نائجیریا میں برسرپیکار عسکریت پسند تنظیم بوکوحرام کی جانب سے بھی ہوسکتے ہیں کیوں کہ یہ تنظیم نائجر میں بھی فعال ہوچکی ہے جس کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔