کراچی : سائٹ ایریا فوم فیکٹری میں لگی آگ تاحال بےقابو ، 6 فائر فائٹرز زخمی

کراچی : سائٹ ایریا میں واقع فوم فیکٹری میں لگی آگ پر 10 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا ، آگ بجھانے میں مصروف 6 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ضیاء موڑ پر واقع فوم کی فیکٹری میں صبح کے وقت آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر قابو پالیا تھا تاہم آگ نے دوبارہ شدت پکڑ لی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں فوم ہونے کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کرلی اور بے قابو ہوگئی، فائر بریگیڈ کے 10 فائر ٹینڈر، ایک واٹر باؤزر اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کو فیکٹری کے اندرونی احاطے میں جاکر آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے، آگ پر قابو پانے کے دوران فیکٹری کا 50 فیصد حصہ زمین بوس ہوگیا جس سے 6 فائر فائٹرز زخمی بھی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائر حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہوسکی ہے اور جس وقت آگ لگی اس وقت ملازمین کے فیکٹری میں آنے کا وقت نہیں تھا اس لیے جانی نقصان نہیں ہوا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay