امریکی سینیٹرجان مکین انتقال کرگئے

واشنگٹن: ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے امریکہ کے سینئرسیاست دان سینیٹرجان مکین 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سینیٹر جان مکین 2017 سے دماغ کے کینسر میں مبتلا تھے تاہم جمعہ سے انہوں نے اپنا علاج ترک کردیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جان مکین کو امریکی سیاست میں ان کے دلیرانہ مؤقف اور نکتہ نظر کی وجہ سے ’میورک‘ یعنی باغی کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ری پبلکن پارٹی کے رکن ہو کر بھی وہ اپنی پارٹی کی پالیسیوں پر کھل کر اپنے اختلافی موقف کا اظہار کرتے رہے۔

جان مکین کو 6 مرتبہ سینیٹر رہنے کا اعزاز حاصل ہیں۔ وہ  امریکی فضائیہ کے پائلٹ اور ویت نام میں جنگی قیدی اور 35 سال تک امریکی سیاست میں رہے۔

آنجہانی امریکی سینیٹر مکین نے 2008 کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا تاہم وہ سابق صدر بارک اوباما کے مقابلے میں الیکشن ہار گئے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹر مکین کے انتقال پر افسوس اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay