آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعاون سے متعلق بات چیت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور احترم پر مبنی ہیں اور علاقائی امن استحکام کے لئے پاک فوج کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ دنیا کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے سی پیک کو فراہم کردہ سیکیورٹی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ پاکستان پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی محاذآرائی کے باعث سب سے زیادہ متاثرہوا ہے اور پاکستان کو دنیا میں جائز مقام دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب کے وزیر اطلاعات نے پاک سعودی مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو سراہا تھا اور سعودی وزیر نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستانی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا تھا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay