قادرخان کے انتقال سے متعلق خبریں بے بنیاد ، بیٹے کی تردید

Kader-Khan

بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اور ورسٹائل فنکار قادر خان کے بیٹے سرفراز خان نے بھارتی ویب سائٹس پر اپنے والد کی جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ انتقال کی خبر بے بنیاد ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی اداکاری اور مکالموں سے کردار میں حقیقت کا رنگ بھر نے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اور منجھے ہوئے اداکار قادر خان کی طبعیت شدید ناساز ہے جس کے باعث قادر خان کینیڈا کے اسپتال میں انتہائی تشویش ناک حالت میں زیر علاج ہیں۔

قادر خان کی بیماری کی اطلاع سے فلمی حلقوں میں غم اور اداسی کی لہر دور گئی جس کے بعد قادر خان کے ساتھی فنکار وں اور مداحوں نے انکی صحت یابی کے لیے سوشل میڈیا پردعائیہ پیغامات جاری کیے۔

اس ہی دوران بہت سی بھارتی ویب سائٹس نے اداکار کے انتقال کی جھوٹی خبر شائع کردی جس کی تردید ان کے بیٹے نے کی ۔ یاد رہے کہ اس قبل بھی کئی بھارتی ویب سائٹس نے قادرخان کے وفات پا جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں 45 برس پر محیط کیریئر کے دوران قادر خان نےخون بھر مانگ، بیوی ہو تو ایسی، بول رادھا بول، آنکھیں، میں اناڑی تو کھلاڑی، جدائی اور جڑواں جیسی شاہکار فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

90ء کی دہائی میں وہ ڈیوڈ دھون اور گووندا کی فلموں کا لازمی حصہ ہوتے تھے اور قلی نمبر 1، ساجن چلے سسرال، ہیرو نمبر1، دُلہے راجہ اور حسینہ مان جائے گی جیسی بلاک بسٹرفلموں میں کام کیا۔ قادر خان نے300 سے زائد فلموں میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ 250سے زائد فلموں کے ڈائیلاگ بھی تحریر کیے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay