بارش کے باعث میچ کا فیصلہ جنوبی افریقہ کے حق میں

سینچورین: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے میچ کا فیصلہ کھیل کے دوران ہونے والی بارش کے باعث ڈی ایل میتھڈ کے تحت میزبان ٹیم کے حق میں کردیا گیا۔

قومی ٹیم اور افریقہ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ سینچورین میں کھیلا گیا جس میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنزبنائے اور حریف ٹیم کو جیت کے لیے 318 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جنوبی افریقہ نے اننگ کا آغاز کیا تو کوائنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ کریز پر آئے۔ لیکن ہاشم آملہ 25 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں آسان کیچ آؤٹ ہوئے۔

 میزبان ٹیم کی جانب سے دوسرا نقصان کوائنٹن ڈی کوک کا ہوا جو 33 رنز بناکر شاداب خان کے شاندار تھرو کی بدولت رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے ایک وکٹ لی۔

میچ کے دوران ہی ابر رحمت برس پڑٓ جو پاکستان کے لیے سود مند ثابت نہیں ہوا۔ بارش کے باعث میچ کو 33 ویں اوورز میں روکنا پڑا اور انتظار کے بعد ڈی ایل میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ کو میچ کا فاتح قرار دے دیا گیا۔

پاکستان کی اننگز:

پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز فخرزمان اور امام الحق نے کیا۔ لیکن فخرزمان ایک بار پھر ٹیم کو اچھی شروعات نہیں دے سکے اور 2 رنز بناکر جنوبی افریقہ کے ڈیبیو کرنے والے بولر بیرن ہینڈرکس کی گیند پر کگیسو رابادا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہوئے کے بعد کریز پر بابراعظم آئے اور دونوں بلے بازوں نے 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ لیکن 136 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم، امام الحق کا ساتھ چھوڑ گئے اور 69 رنز بناکر ڈیل اسٹین کی گیند پر ایل بی ڈیبلیو آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کا تیسرا نقصان محمد حفیظ کا ہوا جو 52 رنز بناکر کگیسو رابادا کی گیند پر اینڈل فیلکوایو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاہینوں کی چوتھی وکٹ امام الحق کی گری جو شاندار 101 رنز کی اننگ کھیل کر تبریز شمسی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ شعیب ملک کی گری جو 31 رنز بناکر کگیسو رابادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز حسن علی تھے جو 1 رن بنا کر ڈیل اسٹین کا شکار ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین اور کگیسو رابادا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بیرن ہینڈرکس اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اسکواڈ:

سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخرزمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔

جنوبی افریقہ اسکواڈ:

فاف ڈوپلیسی (کپتان)، ہینڈرکس، ہاشم آملہ، وین ڈر ڈوسن، کوائنٹن ڈی کوک، ڈیوڈ میلر، اینڈل فیلکوایو، کگیسو رابادا، بیرن ہینڈرکس، تبریز شمسی اور ڈیل اسٹین شامل تھے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay