پاکستان کو ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی شکست کا سامنا

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی شکست دے دی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 5 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا فیصلہ کن میچ کیپ ٹاؤن میں کھیلا گیا۔ جس میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بناکر میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 241 رنز کا ہدف دیا۔ جو جنوبی افریقہ نے باآسانی 40 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اننگ کا آغاز ہاشم آملہ اور کوائنٹن ڈی کوک نے کیا، لیکن ہاشم آملہ اپنی ٹیم کو اچھی شروعات نہیں دے سکے اور 39 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

میزبان ٹیم کا دوسرا نقصان ریزا ہینڈرکس کی صورت میں ہوا جو 34 رنز بناکر محمد عامر کا شکار ہوئے۔ ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز کوائنٹن ڈی کوک تھے جو 83 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر عثمان خان شنواری کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان خان شنواری، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 5ویں ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کے کپتان شعیب ملک کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز امام الحق اور فخرزمان نے کیا۔ لیکن قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر اچھا پرفارم نہیں کرسکی اور امام الحق صرف 8 رنز بناکر ڈیل اسٹین کی گیند پر وائن پریٹوریئس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 64 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابراعظم 24 رنز بناکر وائن پریٹوریئس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ تیسرا نقصان محمد حفیظ کا ہوا جو 17 رنز بناکر ایندلے فیلوک وایو کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

شاہینوں کی چوتھی وکٹ فخرزمان کی گری جو 70 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر ایندلے فیلوک وایو کی گیند پر عمران طاہر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانچواں نقصان محمد رضوان کا ہوا جو غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیلتے ہوئے 10 رنز بناکر وائن پریٹوریئس کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے چھٹی وکٹ کپتان شعیب ملک کی گری جو 31 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ ساتواں نقصان شاداب خان کا ہوا جو 19 رنز بناکر ویان ملڈر کی گیند پر ریسی وین ڈر ڈوسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

 قومی ٹیم کی آٹھویں وکٹ محمد عامر کی گری جو 6 رنز بناکر کگیسو رابادا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ نواں نقصان جنوبی افریقہ کی جانب سے وائن پریٹوریئس اور ایندلے فیلوک وایو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیل اسٹین، کگیسو رابادا اور ویان ملڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور جنوبی افریقہ کو بڑا ٹارگٹ دینے کی کوشش کریں گے۔

جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ ہمیں اچھا کھیل پیش کرنا ہوگا اور ہم آج کے میچ کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کی ٹیم مضبوط ہے۔

پاکستان اسکواڈ:

شعیب ملک (کپتان)، امام الحق، فخرزمان، بابراعظم، محمد حفیظ، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔

جنوبی افریقہ اسکواڈ:

فاف ڈوپلیسی (کپتان)، ہاشم آملہ، کوائنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ریسی وین ڈر ڈوسین، ویان ملڈر، ایندلے فیلوک وایو، ڈیل اسٹین، کگیسو رابادا، وائن پریٹوریئس اور عمران طاہر شامل تھے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay