ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کو 146 رنز سے شکست دیدی

دبئی: پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کو 146 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ دبئی میں کھیلا گیا۔ جس میں مہمان ٹیم کی کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بناکر میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 217 رنز کا ہدف دیا۔

217 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم صرف 70 رنز پر آوٹ ہوگئی۔ ناہیدہ خان نے 23 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان جویریہ خان نے 21 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی جانب سے اوپنر ڈاؤٹن نے 96 اور کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے 58 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ڈاوٹن کو آل راونڈ پرفامنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے کائنات امتیاز نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دیکھایا جب کہ عالیہ ریاض اور ثنا میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ بسمیٰ معروف ان فٹ ہونے کے باعث میچ نہیں کھیل سکیں۔ اس لیے ان کی جگہ جویریہ خان کو قومی ویمن ٹیم کی قیادت سونپی گئی۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay