پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی

دبئی: پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان اور ویسٹ اینڈیر کے درمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ دبئی میں کھیلا گیا۔ جس میں مہمان ٹیم کی کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی جانب سے 47 اعشاریہ 3 اوورز میں پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی اور 159 رنز بناکر پاکستان ویمن ٹیم کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے شاندار اننگ کھیل کر 52 رنز اسکور کیے جبکہ اوپنر ڈینڈرہ ڈوٹن نے 28 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیانہ بیگ اور نشرا سندھو نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دیکھایا جبکہ ثنا میر، کائنات امتیاز  اور عالیہ ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز ویمن کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے شاندار آغاز کیا گیا اور 47 اعشاریہ 2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان ہدف حاصل کیا۔

قومی ٹٰیم کی جانب سے سدرہ امین 52 رنز کے ساتھ جیت میں اہم ترین رہیں جبکہ ندا ڈار نے 26، جویریہ خان نے 24، کپتان بسمہ معروف صرف 5 رنز بنا سکیں۔ ثنا میر اور کائنات امتیاز 12،12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے دوسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کو 34 رنز سے شکست دی تھی۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay