آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد آسٹریلیا کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ منتخب کیا جس کا پی سی بی نے اعلان کردیا ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے اور کچھ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں موقع دیا ہے۔ قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے جس میں کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، حسن علی، بابر اعظم، فخرزمان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے 16 رکنی اسکواڈ میں شعیب ملک قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ عابد علی، فہیم اشرف، حارث سہیل، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمدعباس، محمدعامر، محمد حسنین، محمد رضوان، سعد علی، شان مسعود، عمر اکمل، عثمان شنواری اور یاسرشاہ ٹیم میں شامل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فاسٹ بالر محمد حسنین کو پہلی بار ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچز پر مشتمل سیریز 22 مارچ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay