پی ایس ایل4: اسلام آباد نے کراچی کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

کراچی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن فور کے پہلے ایلیمیٹری میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان ایونٹ کا پہلا ایلیمیٹری میچ کھیلا گیا۔ جس میں کراچی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بناکر حریف ٹیم کو جیت کے لئے 162 رنز کا ہدف دے دیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگ کا آغاز لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے کیا۔ لیکن لیوک رونکی اپنی ٹیم کو اچھی شروعات نہیں دے سکے اور 5 رنز بناکر عامر یامین کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد کی دوسری وکٹ کیمرون ڈیلپورٹ کی گری جو 38 رنز بناکر عمرخان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تیسرا نقصان چیڈوک والٹن کا ہوا جو بغیر کوئی رن بنائے عمرخان کا شکار ہوئے۔

سمیع الیون کی چوتھی وکٹ ایلکس ہیلز کی گری جو 41 رنز کی اننگ کھیل کر عامر یامین کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانچواں نقصان حسین طلعت کا ہوا جو 32 رنز بناکر عثمان خان شنواری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے چھٹی وکٹ فہیم اشرف کی گری جو 17 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر عامر یامین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عامر یامین اور عمرخان نے 2،2 وکٹ حاصل کی جبکہ محمد عامر اور عثمان خان شنواری نے ایک ایک وکٹ لی۔

پی ایس ایل سیزن فور کے پہلے ایلیمیٹری میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے اننگ کا آغاز کولن منرو اور بابراعظم نے کیا اور اپنی ٹیم کو ایک اچھی شروعات دی۔ لیکن 52 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو 32 رنز بناکر محمد موسیٰ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عماد الیون کی دوسری وکٹ لیام لونگسٹن کی گری جو 30 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تیسرا نقصان بابراعظم کا ہوا جو 42 رنز کی اننگ کھیل کر رومان رئیس کی گیند پر لیوک رونکی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کراچی کی چوتھی وکٹ کولن انگرم کی گری جو 23 رنز بناکر محمد موسیٰ کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانچوان نقصان افتخار احمد کا ہوا جو 1 رن بناکر محمد موسیٰ کا شکار ہوئے۔

عماد الیون کی چھٹی وکٹ بین ڈنک کی گری جو 12 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ساتویں وکٹ عامر یامین کی گری جو 1 رن بناکر محمد سمیع کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کا آٹھواں نقصان محمد عامر کا ہوا جو 3 رنز بناکر چیڈوک والٹن کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ نویں وکٹ عمر خان کی گری جو کوئی رن نہیں بناسکے اور فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد موسیٰ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف نے 2، رومان رئیس اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ ہدف دینے کی کوشش کریں گے اور امید ہے آج ٹاپ آرڈر بلے باز زیادہ اسکور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل خان کی جگہ عامر یامین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کا کہنا تھا کہ ناک آؤٹ میچ میں تھوڑا بہت دباؤ ہوتا ہے جبکہ زبردست کراؤڈ ہے زبردست مقابلہ ہوگا، آج کے میچ میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فل سالٹ کی جگہ ایلکس ہیلز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

کراچی کنگز:

عماد وسیم (کپتان)، بابراعظم، کولن منرو، لیام لونگسٹن، کولن انگرم، بین ڈنک، افتخار احمد، عامر یامین، محمد عامر، عمر خان اور عثمان خان شنواری شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ:

محمد سمیع (کپتان)، لیوک رونکی، کیمرون ڈیلپورٹ، ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، آصف علی، فہیم اشرف، حسین طلعت، محمد موسیٰ، وائن پارنیل، رومان رئیس اور شاداب خان شامل تھے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay