پی ایس ایل فائنل کے لیے وزیراعظم اورآرمی چیف کی آمد متوقع

کراچی : پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے فائنل میں وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمدمتوقع ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کیلئے جنگ آج ہوگی، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ٹاکرا ہوگا، فائنل میچ رات 8 بجےنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا ،جہاں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی چوکوں اور چھکوں کا طوفان لائیں گے۔

فائنل مقابلےسےپہلے رنگارنگ تقریب ہوگی ۔ سپر ایونٹ کے فائنل کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، اختتامی تقریب کیلئےاسٹیج بھی تیار کرلیا گیا ہے، تقریب میں نامورگلوکار فوادخان،ابرارالحق،آئمہ بیگ اپنی آوازکاجادوجگائیں گے۔ جبکہ شجاع حیدر،جنون بینڈ بھی شائقین کاجوش بڑھائےگا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی فائنل میچ کےلیےآمدمتوقع ہے جبکہ ساتھ ہی آئی سی سی چیف ایگزیکٹو بھی نیشنل اسٹیڈم میں فائنل دیکھیں گے۔

پی ایس ایل فائنل کےحوالےسےسیکیورٹی پلان

پی ایس ایل فائنل کےحوالےسےسیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرزکے20ہزارجوان سیکیورٹی کےفرائض انجام دیں گے۔ پاکستان رینجرز اسٹیڈیم کے اندر کی سیکیورٹی کرے گی جبکہ اسٹیڈیم کےباہرپولیس اور رینجرزکے جوان مشترکہ سیکیورٹی پرمامورہوں گے۔

شائقین کرکٹ کو5جگہ تلاشی کےبعداسٹیڈیم میں جانےکی اجازت ہوگی ، شائقین اصل قومی شناختی کارڈاوراسٹیڈیم پاسزاپنےساتھ رکھیں ، قومی شناختی کارڈ نہ ہونےپراسٹیڈیم جانےسےروک دیاجائےگا۔

مختلف شہروں میں بڑی اسکرینوں کا انتظام

ہائی وولٹیج مقابلے میں شائقین کرکٹ کا لہو گرمانے کے لیے ملک کے مخلتف شہروں میں بڑی اسکرین پر میچ دکھانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی کے بڑے شاپنگ مالز سمیت سوسائیٹیز اور کراچی پریس کلب اور آرٹس کونسل میں پی ایس ایل فائنل بڑی اسکرین پردکھانےکے اقدامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 4 ٹرافی کی رونمائی کی گئی جس میں کپتان سرفراز احمد اور ڈیرن سیمی کا ٹرافی تھامے فوٹو سیشن بھی ہوا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay