کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دیکر پی ایس ایل فور کی ٹرافی جیت لی

کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے فائنل میچ میں 8 وکٹوں سے  شکست دیکر ایونٹ کی ٹرافی جیت لی۔ احمد شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپرلیگ کے سیزن فور کا فائنل میچ آج پشاور زلمی اور کوئیٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میچ کا ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے خلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

مقررہ بیس اوورز میں پشاور زلمی کی ٹیم نے 8 وکٹیں گنوا کر 138 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ہدف کے حصول کے لیے شین واٹسن اور احمد شہزاد میدان میں اترے لیکن بدقسمی سے محض ایک رن بناکر واٹسن پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد آنے والے کھلاڑی احسن علی تھے ۔

احمد شہزاد اور احسن علی کی جوڑی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہر کیا اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو 66 رنز تک پہنچا دیا۔ احسن علی 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد ریلی روسو نے احمد شہزاد کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

ریلی روسو اور احمد شہزاد کی جوڑی نے 18 ویں اوور میں 139 رنز کا مقررہ ہدف حاصل کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی ٹرافی کا فاتح بنادیا۔

احمد شہزاد نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 رنز کی جب کہ ریلی روسو نے 39 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین کا دیا گیا جنہوں نے حریف ٹیم کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

پہلی اننگ

پشاور زلمی کی جانب سے اننگ کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا لیکن صرف 4 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی امام الحق 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد کامران اکمل 21، شعیب مقصود 20، عمر امین 38، نبی گل 9، کیرن پولاڈ 7 ، ڈیرن سیمی 18 اور وہاب ریاض 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مقررہ بیس اوورز میں پشاور زلمی کی ٹیم نے 8 وکٹیں گنوا کر 138 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا ۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آنے والے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ا نہوں نے کہا کہ زبردست جوش وخروش پرپاکستان کے لوگوں کومبارکباد ، پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بہت پیار کرتے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور نمی کی وجہ سے پہلے بولنگ کر رہے ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پی ایس ایل فورکافائنل جیتنے کے لیے پرامید ہیں اور ہم میچ جیتنے کے لیے 180 سے زائد کا ہدف دے کرکوئٹہ پردباؤ ڈالیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ اگرہم نے زیادہ رنزبنالیے توکوئٹہ کی ٹیم پردباؤہوگا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay