کھٹی میٹھی اور ذائقے دار چٹنیاں کریں افطارکا لطف دوبالا

Chutney

ترتیب و تدوین : عنبر حسین سید

ماہِ رمضان میں اللہ تبارک وتعالیٰ دسترخوان پر خاص بر کت عطا فرماتا ہے ہر مسلمان کا دستر خوان طرح طرح کے نت نئے خوان سے سجا ہوتا ہے ۔

افطار کے دسترخوان پر پکوڑے، رول ، سموسے، نگٹس ، چاٹ ، پا پڑ ،دہی پڑے ، سینڈوچ ، ڈرم اسٹک ،چیز بال ، کٹلس فرنچ فرائیز وغیرہ سب ہوں لیکن ان سب کی بیسٹ فرینڈ چٹنی نہ ہو تو دسترخوان ادھورا لگتا ہے ۔

یہ درست ہے پکوڑے افطار کی ٹیبل کی شان ہوتے ہیں لیکن اس شان میں چار چاند چٹنی لگاتی ہے ۔کھٹی میٹھی مزیدار چٹنی کھانے کا لطف دوبالا کردیتی ہے ۔

اس لیے آج ہم آپ کو ایسی ہی کچھ کھٹی میٹھی ،چٹخارے دار اور ہاضمے کے لیے بہترین چٹنیوں کی ترکیبیں بتائیں گے جنہیں بنانا بھی آسان اور کھانا بھی آسان ہے ۔

کچے آموں کی چٹنی

کچے آموں کا موسم بھی ہے اور رمضان بھی ہیں اللہ فضل و کرم سے سب کے سترخوانوں پر برکت بھی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمی پھل او سبزیاں

صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں اس لیے آج سب سے پہلے ہم آپ کو کچے آموں کی چٹنی بنانا بتائیں گے ۔

اجزاء

کچے آم : دو عدد
پیاز: ایک عدد چھوٹا
لہسن : چار جوئے
پودینہ: چند پتے
نمک : حسب ذائقہ
سرخ مرچ: حسب ذائقہ
چینی: ڈیرھ چمچ
زیرہ سفید : آدھا چمچ

ترکیب

آم چھیل کر دھو لیں ،گٹھلی نکال کر گودے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں ۔سب سے پہلے آم پیس لیں ۔اس میں نمک ،مرچ ،پیاز اور لہسن بھی شامل کر دیں۔جب باریک ہو جائے تو زیرہ،پودینہ اور چینی ڈال کر پھر پیس لیں اور اچھی طرح یک جان کر لیں ۔جب ساری چیزیں ایک سی ہو جائیں تو پیالی میں نکال لیں اور مزے سے استعمال کریں۔

لہسن اور مرچ کی چٹنی

ویسے تو لہسن پاکستان میں تما م ہی کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے اور غذائی و طبی اعتبار سے بھی اس کے بے شمار فوائد ہیں ۔

اجزاء 

لہسن کے جوے (چھلے ہوئے ): دس عدد
گول لال مرچی: دس عدد
نمک : حسب ضرورت

ترکیب

تینوں چیزوں کو سل پر باریک پیس لیں ۔ لہسن مرچ کی چٹنی روغنی نان یا بیسن کی روٹی کے ساتھ کھانے سے نزلہ زکام میں فائدہ ہوتا ہے۔

تھری ان ون چٹنی

اجزاء
ہرا دھنیا : ایک گڈی
پودینہ: ایک گڈی
ہری مرچیں :آٹھ عدد
نمک : حسب ذائقہ

ترکیب

تمام چیزوں کو باہم ملا کر گرائنڈر میں پیس لیں ۔ اور سموسوں اور پکوڑوں کے ساتھ نوش فرمائیں ۔

املی کی چٹنی

اجزاء

ہرا دھنیا : ایک گڈی
پودینہ: ایک گڈی
ہری مرچیں :حسبِ ذائقہ
مصری : ایک چھوٹٓا ٹکڑا
سفید زیرہ : دو کھانے کے چمچ
املی کا پیسٹ : آدھا کپ

ترکیب

ہرا دھنیا ،پودینا،اور مصری،مرچیں اچھی طرح پیس لیں ، پیسنے کے دوران اس میں وقت سفید زیرہ اور املی کا پیسٹ بی شامل کر دیں ۔ کھٹی میٹھی املی کی چٹنی تیار ہے ۔

نوٹ : آپ اس چٹنی کو فرائی پین میں آدھا کپ گھی اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکا کر بگھاری چٹنی کے طور پر بھی نوش فرما سکتے ہیں ۔

آلو بخارے کی چٹنی

اجزاء

آلو بخارا : ایک پاؤ
چینی :  ایک پاؤ
بادام کی گری دس عدد
کشمش : آدھا چھٹانک
لہسن :  چار جوئے
ثابت مرچ : چار عدد
کلونجی : ایک چائے کا چمچ
سفید سرکہ:  ½ پیالی
نمک :  آدھا چائے کا چمچ
کالی مرچ :  آدھا چائے کا چمچ

ترکیب
آلو بخاروں کو گرم پانی میں بھگودیں، جب وہ نرم پڑجائیں تو ہاتھ سے اچھی طرح میش کرلیں، اب اس میں 1 پیالی املی کا گاڑھا رس ملادیں، پھر ایک مٹی کی ہانڈی میں املی، آلو بخارے، چینی یا گڑھ، ابلے بادام، باریک کٹی لہسن، عدد ثابت لال مرچ، کلونجی اورسفید سرکہ ملا کر ہلکی آنچ پر پکالیں۔، گاڑھی ہونے کے بعد چولھے سے اتارلیں اور ٹھنڈا کرلیں۔

ٹماٹر کی چٹنی

اجزاء

ٹماٹر: 3عدد

لال مرچ:  آدھا چمچ

سرکہ: 2چمچ

لہسن : ایک چمچ پیسا ہوا

کارن فلور:  ایک چمچ

نمک : حسب ضرورت

ترکیب

ٹماٹر کو ایک برتن میں ابلنے کے لیے رکھ دیں ،جب ٹماٹر نرم ہو جائیں تو انکا چھلکا اتار لیں، اب بلینڈر میں ٹماٹر،لال مرچ، سرکہ لہسن ،کارن فلاور اور نمک ڈال کر بلینڈ کر لیں ،اب اس کو ایک جگ میں رکھ کر محفوظ کر لیں مزیدار ٹماٹر چٹنی تیار ہے۔

طبی چٹنی

اجزاء

 دہی : آدھا پاؤ

انار دانہ : ایک چمچ

آلو بخارا : 5سے 6 دانے

املی : 2 سے 3 دانے

دوعدد بڑی الائچی کے دانے

کالی مرچ :حسبِ ذائقہ

ہری مرچ (بیج کےبغیر) : تھوڑی سی

نمک /مرچ : حسبِ ذائقہ

ترکیب

ان تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کرلیں اور افطار کے وقت سموسے اور پکوڑے کےساتھ نوش کریں ۔

 نوٹ : یہ طبی چٹنی نظامِ ہضم کے لیے بہترین اور مفید ہے ۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay