مشرف کی وزیراعظم بنانے کی پیشکش ٹھرائی، راجہ ظفرالحق

نیوزون کے خصوصی پروگرام “پرائم ٹائم ودتھ ٹی ایم” میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق نے شرکت کی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر میزبان طارق محمود سے تبادلہ خیال کیا۔

میزبان کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک خالص جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف نے مجھے وزیراعظم بننے کی پیشکش کی اور مشرف نے کہا آپ جسے چاہیں گے وہ اسمبلی پہنچے گا۔ ماضی میں نواز شریف کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا۔ چوہدری برادران نے مسلم لیگ میں واپسی کے لیے خود کہا اور وقت طے کرکے نہیں آئے۔ چوہدری برادران کو مسلم لیگ میں واپسی سے روکا گیا اور ان کے واپس آنے سے مسلم لیگ مزید متحد ہوجاتی۔

سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ مفادات کا دباؤ سب سے بڑا دباؤ ہوتا ہے جبکہ نواز شریف پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی معاملات پر کھلےعام بحث ہوتی تھی اور کارکردگی کی بنیاد پر حکومتوں کو تبدیل کردیا جاتا ہے۔ نواز شریف کے معاملے میں اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کی گنجائش نہ تھی۔ آرمی چیف کے معاملے میں مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی۔

سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ شہباز شریف کو فیصلوں پر اختلاف ہوتا تھا تو وہ اکیلے میں بات کرتے تھے جبکہ شاہد خاقان عباسی کو مشاورت کے بعد وزیراعظم بنایا گیا۔ میرے کہنے پر شاہد خاقان عباسی وزیراعظم بننے پر راضی ہوئے تھے اور وہ مختصر مدت کے لیے وزیراعظم نہیں بننا چاہتے تھے۔

سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ چوہدری نثار نے وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا جب کہ ان کی واپسی مشکل ہے مگر ناممکن نہیں ہے۔ نوازشریف ڈیل یا ڈھیل نہیں چاہتے اور ماضی میں ڈیل کرنے کی باتیں متنازع ہیں۔ عرب قیادت نے نواز شریف کو ڈیل پر زور دیا۔ زاہد حامد کو استعفیٰ دینے کا مشورہ دیا تھا اور رات کو بعض لوگ زاہد حامد سے استعفیٰ لینے گئے۔ زاہدحامد نے استعفیٰ دینے سے پہلے فون پر میرا شکریہ ادا کیا تھا۔ زاہد حامد سے استعفیٰ لینے والے حکومت اور ن لیگ کے لوگ نہیں تھے۔

سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر ن لیگ مذاہمتی سیاست کی طرف جاسکتی ہے اور اگر نواز شریف باہر گئے تو زیادہ عرصے کے لیے نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اپوزیشن کے اتحاد کے مقاصد کافی حد تک پورے ہوئے ہیں۔ چیئرمین نیب خود کہہ رہے ہیں کہ ہر طبقہ مجھ سے ناراض ہے اور  نیب انتقامی طور پر استعمال ہو رہا ہے۔

راجہ ظفرالحق نے کہا کہ چیئرمین نیب نے کہا وزرا کے خلاف کارروائی سے حکومت گرجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اشاروں کے منتظر رہتے ہیں اور عمران خان اسٹیج، کنٹینر پر چڑھ کرغیرذمہ دار انہ بیان دے دیتے ہیں۔ حکومت عدم واستحکام کی طرف تیزی سے جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن میں لوٹوں کی گنجائش ختم ہوتی جارہی ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay