موجودہ حکومت ملک دشمن ایجنڈےکوفالوکررہی ہے، مشاہداللہ

نیوزون کے خصوصی پروگرام “پرائم ٹائم ودتھ ٹی ایم” میں صدرآزادجموں کشمیر سردارمسعود اور رہنما مسلم لیگ ن مشاہداللہ نے شرکت کی اور میزبان طارق محمود سے ملک کے موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔

پروگرام میں صدرآزاد جموں کشمیر سردارمسعود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ظلم وبربریت پرایک اوررپورٹ جاری ہوئی،بھارت نےیہ رپورٹ رکوانےکی کوشش کی۔

سردارمسعود نے کہا کہ پیلٹ گنز سے 1253 لوگ بینائی سے محروم ہوگئے، مقبوضہ وادی میں 11 ہزار لوگ زخمی ہوئے، بھارت کالے قوانین کے تحت کشمیروں کو شہید کر رہا ہے، اس رپورٹ میں بھارت کا چہرہ پھر بے نقاب کیا اور بھارت حقوق انسانی کے قانون کااحترام کرے۔

صدرآزاد جموں کشمیر سردارمسعود کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی وجہ سے قیادت نوجوانوں پرمنتقل ہوگئی، بھارت نے انٹرنیٹ سروس بھی بندکردی ہے جب کہ عالمی برادری بھارت کےچہرےکوبےنقاب کررہی ہے۔

سردارمسعود کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی تحریک پُرامن ہے جب کہ بھارت کی طرف سے ریاستی دہشتگردی ہورہی ہے۔

پروگرام میں شامل رہنمامسلم لیگ ن مشاہداللہ نے میزبان کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ  موجودہ حکومت نے خود سیاسی درجہ حرارت پیداکررکھاہے، انہیں حکومت اوراپوزیشن کابالکل بھی نہیں معلوم، جس نےغلط کام کیااس کااحتساب ہونا چاہیے، اگروہ احتساب پرمخلص ہوتےتوپہلےگھرسےشروع کرتے اور وہ احتساب سےمخلص ہوتےتوعلیمہ خان کااحتساب کرتے, وفاقی کابینہ میں شامل لوگوں کاسب سےپہلےاحتساب ہوناچاہیے۔

مشاہداللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں احتساب کمیشن بندکردیاگیا، وہ احتساب نہیں چاہتےاورنہ یہ ان کی اہلیت ہے ، مہنگائی سےعوام رو رہے ہیں،یہ کوئی تبدیلی نہیں اور مرضی کے فیصلے چاہنے والے عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے، نوازشریف کوکرپٹ کہہ کربدنام کیاگیا،پانامامیں نوازشریف کانام نہیں تھا یہ نوازشریف کےساتھ زیادتی ہوئی ہے اور ثاقب نثار نے خود ثابت کیاکہ میں پی ٹی آئی کاورکرہوں، ثاقب نثارچندہ سمیت غائب ہوگئے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کےعوام بھی کہتے ہیں کہ نوازشریف بے قصورہیں، حکومتوں کا کام آگ لگانانہیں اسے ٹھنڈا کرنا ہوتاہے جب کہ حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، موجودہ حکومت ملک دشمن ایجنڈےکوفالوکررہی ہے، موجودہ حکومت ملک دشمنوں کوخوش کررہی اور سلیکٹڈحکومت ملک کی خدمت نہیں،بدنام کررہی ہے۔

مشاہداللہ کا کہنا تھا کہ مریم نوازبہادرباپ کی بیٹی ہے،انہوں نےسرنہیں جھکایا، ہمیں ہر ایک کی گرفتاری کاخطرہ رہتاہے، رائیونڈ سے لیکر منڈی بہاءالدین تک پتہ نہیں کتنے جلسے ہوگئے، ہماری ہیبت  کا اندازہ  یہ ہے کہ لوگ ہماری بوڈی لینگوئج بھی دیکھ رہے ہیں، نوازشریف نےآج تک پائےکھائے نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہداللہ کا مزید کہنا تھا کہ صادق سنجرانی نے بطورچیئرمین سینیٹ کرداراچھااداکیا، چیئرمین سینیٹ مسلم لیگ ن سےہویہ فیصلہ نہیں ہوا، رہبرکمیٹی 11تاریخ کوفیصلہ کرےگی اور اپوزیشن جو فیصلہ کرےگی اس پرعمل ہوگا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay