ورلڈکپ سیمی فائنل: بھارت اورنیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث آج منسوخ

مانچسٹر: بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ورلڈکپ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا جسے کل پورا کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل میچ مانچسٹر میں کھیلا جارہا ہے۔ جس میں کیویز کے کپتان کین ولیمسن نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ تاہم بارش کی وجہ سے جب میچ روکا گیا تو کیوی ٹیم نے 46 عشاریہ ایک اوورز میں 5 وکٹوں پر 211 رنز بنا لیے تھے۔

ٹورنامنٹ رولز کے مطابق دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کے لئے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے، میچ مکمل نہ ہونے پر اگلے روز بقیہ میچ مکمل کیا جائے گا جب کہ بارش کی وجہ سے دوسرے دن میچ ٹونٹی اوورز تک محدود کیا جا سکتا ہے۔

دونوں سیمی فائنلز میں میچ مکمل طور پر واش آؤٹ ہوا تو لیگ میں زیادہ پوائنٹس لینے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔سیمی فائنلز اور فائنل میچ ٹائی ہوا تو فیصلہ سوپر اوور سے کیا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کےدرمیان میچ کل ریزروڈےپرکھیلاجائے گا جس میں نیوزی لینڈکی ٹیم کل211رنزسےاپنی اننگزشروع کرے گی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر67اورلیتھم3رنزبناکرکریزپرموجود ہیں جب کہ ولیمسن67، نکولس28، گرینڈہوم16 اور نیشم 12 رنزبنا کرآؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور، بھمرا، چچاہل، جدیجہ اور پانڈیا نے ایک،ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے بیٹنگ کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا ہے اور پچ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے جب کہ ٹم ساؤدھی کی جگہ لوکی فرگوسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے جب کہ کلدیپ یادیو کی جگہ چاہل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ:

کین ویلیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہینری نکولز، راس ٹیلر، ٹام لاتھم، جمی نیشم، کولن ڈی گرینڈہوم، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

بھارت اسکواڈ:

ویرات کوہلی (کپتان)، لوکیش راہول، روہت شرما، رشپ پینٹ، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہاردیک پانڈیا، رویندرا جدیجہ، بھونیشور کمار، یوزویندرا چیہل اور جسپریت بھمرا شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 11 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔پہلے اور دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیموں کےدرمیان ورلڈکپ کا فائنل اتوار کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay