ثنا میر ’نیشنل گیم چینجر ایوارڈ‘ کے لیے منتخب

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی ویمن اسپنر کا اعزاز اپنے پاس رکھنے والی ثنا میر کو ’نیشنل گیم چینجر ایوارڈ‘ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے ۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹیوٹر پر جاری اپنے پیغام میں ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے والی تجربہ کار آل راؤنڈر ثنا میر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور لکھا کہ انہیں کرکٹ کے کھیل میں ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے ۔ عالمی رہنماؤں کی موجودگی میں یہ ایوارڈ حاصل کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے ۔

دوسری جانب ایشیاء سوسائٹی کی جانب سے جاری کئے گئے پیغام کے مطابق ثنا میر کا نام دیگر 5 خواتین کے ساتھ شامل ہے جنہوں نے اپنے شعبوں میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایوارڈ کی تقریب کا اہتمام امریکا کے شہر نیویارک میں 24 اکتوبر کو کیا جائے گا۔


یاد رہے کہ ایشیا سوسائٹی ہر سال اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازتی ہے تاہم یہ پہلی بار ہے کہ ایوارڈز کے لئے نامزد ہونے والی تمام خواتین ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay