پاکستان نےسری لنکاکودوسرےون ڈےمیں67رنزسےہرادیا

کراچی: پاکستان نے مہمان ٹیم سری لنکاکودوسرےون ڈے میں67رنزسے ہرادیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ جس میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور قومی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 305 رنز بناکر حریف ٹیم کوجیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کے بلے باز ہدف کے حصول کے لیے میدان میں اترے لیکن شاہینوں کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکے اور محض 28 رنز کے مجموعی اسکور پر حریف ٹیم کے پانچ بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اوپنر گناتھلاکا 14، سمراوکراما 6، ویا فرنینڈو صفر، بوپ فرنینڈو 1 اور کپتان تھریمانے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔ چھٹی وکٹ پر جےسوریا اور شاناکا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا اور 177 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا، دونوں کھلاڑیوں نے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نصف سنچریاں بنائیں تاہم 205 کے مجموعے پر جےسوریا نروس نائینٹیز کا شکار ہو کر 96 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلے ہی اوور میں ان کے جوڑی دار شاناکا 68 رنز پر اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ تھما بیٹھے۔

پاکستان کے 306 رنز کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 46 عشایہ 5 اوورز میں  238 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی اور جیت 67 رنزسے قومی ٹیم کا مقدر بنی جس کے ساتھ ہی شاہینوں کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پہلی اننگ میں پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق کی جوڑی میدان میں اتری اور ٹیم کو 73 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم امام الحق 31 رنز بناکر اور فخرزمان اپنی نصف سنچری مکمل کرکے 54 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

بابراعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، حارث 40 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے ۔ ان کے بعد بابراعظم نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے نصف سنچری اور پھر کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی اور وہ 115 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد 8 ،  عماد وسیم  12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور افتخار احمد نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے اور حریف ٹیم کوجیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا ہے۔

خیال رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا جب کہ اس سے قبل کراچی میں  آخری ون ڈے انٹرنیشنل 2009 میں کھیلا گیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہے اور پاکستان آکر کھیلنے پر سری لنکن ٹیم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے اور بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکا ٹیم کے کپتان لہیرو تھریمانے کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی ہے اور سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے موقع ہے۔

پاکستان اسکواڈ:

سرفراز احمد (کپتان)، فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

سری لنکا اسکواڈ:

لہیرو تھریمانے (کپتان)، سدیرا سماراوکرما، ڈینوشکا گناتیلکا، اویشکا فرنینڈو، اوشاڈا فرنانڈو، شہن جیاسوریہ، داسن شاناکا، واناندو ہسرانگا، اسورو اڈانا، نوان پردیپ اور لاہیرو کمارا شامل ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay