عمران خان نے جتھوں کے ذریعے استعفے لینے کی بنیاد ڈالی، احسن اقبال

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جتھوں کے ذریعے استعفے لینے کی بنیاد ڈالی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کا مشاورتی اجلاس ہوا جب کہ ن لیگ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ میں شرکت کی۔ ن لیگ نواز شریف کے اصولوں کی روشنی میں کردار ادا کرتی رہے گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یکم نومبر کو مرکزی اجتماع  میں تمام قیادتوں نے خطاب بھی کیا اور آزادی مارچ کے مطالبات کی بھرپور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے اور مشترکہ اپوزیشن نئے انتخابات کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے اور مہنگائی نےعام آدمی کی زندگی اجیرن کردی۔ اناڑی حکومت نے معیشت کی بہتر گروتھ کو کریش کردیا اور اقتصادی و معاشی بحران ملک کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کے دروازے بند دیکھ رہا ہے اور مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ صدارتی ہاؤس آرڈیننس فیکٹری بن چکا ہے اور ہماری معیشت دباؤ کا شکار ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو تالا لگا کر چور دروازے سے قانون سازی کی جارہی ہے اور پارلیمنٹ کو تالے لگ چکے ہیں، ایوان صدر آرڈ یننس فیکٹری بن چکا ہے۔ معیشت کا پہیہ مکمل طور پر جام ہوچکا ہے اور ن لیگ کے مشاورتی اجلاس کی تجاویز کو رہبر کمیٹی میں پیش کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی، اے پی سی کے فیصلوں پر عمل کریں گے اور پارٹی حکمت عملی اے پی سی میں پیش کریں گے۔ حکومت کیخلاف جدو جہد متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھنا چاہیے اور اپوزیشن حکمت عملی سے نئے انتخابات کیلئے کردار ادا کرے گی۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جتھوں کے ذریعے استعفے لینے کی بنیاد ڈالی اور آزادی مارچ کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پر حکومت کی سفارتی کارکردگی باعث شرمندگی ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay