عوامی ریلیف کیلئے رواں ماہ بڑے ایکشن سامنے آئیں گے، احسن اقبال

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عوامی ریلیف کیلئے رواں ماہ بڑے ایکشن سامنے آئیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی اجلاس ہوا اور اجلاس میں نواز شریف کی صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس میں شہباز شریف کی خدمات کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا اور پورے ملک میں پارٹی کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ نواز شریف علاج کیلئے کل بیرون ملک جائیں گے اور حکومت نے ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو تالہ لگانے کی پالیسی جمہوری روایات کیخلاف ہے اور سیاسی چیلنجز سے نکلنے کا راستہ انتخابات ہیں۔2020 میں آزادانہ انتخابات کے لیے ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جائے اور حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کی طرح جنوبی پنجاب کے لوگوں سے بھی دھوکا ہوا اور اقتصادی ناکامیوں پر پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔ حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قوم سے نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعاؤں کی اپیل ہے اور حکومت کا آرڈیننس واپس لینا اپوزیشن کی کامیابی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ ہزارہ صوبے کے لیے بھی آواز اٹھائے گی اور انتقامی ایجنڈے پر گرفتار لیگی رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay