پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو کام سے روکتی رہی ہے، احسن اقبال

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو کام سے روکتی رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کا علاج شروع ہوچکا ہے اور ان کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ نواز شریف جلد صحتیاب ہو کر واپس آئیں گے اور 5 سال سے فارن فنڈنگ کا کیس چل رہا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس حیلے بہانوں سے التوا میں رکھا گیا اور کرپشن پر اپنا بیانیہ بنانے والی جماعت خود کرپشن میں مبتلا ہے۔ دوسروں پر کردار کشی کرکے خود کو مسٹر کلین ثابت کرتے ہیں جب کہ رولز اور آئین کہتا ہے تمام سیاسی جماعتیں ملکی مفاد میں کام کریں۔

انکا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں بیرونی ٹرانزیکشن شفاف انداز میں کریں اور الیکشن کمیشن کو آزادانہ فیصلے کرنے سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ یقینی بنانا ہے بیرونی عناصر فنڈنگ سے اپنا ایجنڈا مسلط نہ کرسکیں اور مطالبہ کررہے ہیں 5 سال سے زیر غور معاملے پر فیصلہ کیا جائے۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ میں شفافیت ہو تاکہ بیرونی اثر سے پاک ہوں اور پی ٹی آئی سازش کے ذریعے الیکشن کمیشن کو آزادانہ کام سے روکتی رہی۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اب انہیں انتظار ہے چیف الیکشن کمیشن 6 دسمبر کو مدت پوری کرلیں اور اس مقصد کے پیش نظر کل ہم نے الیکشن کمیشن میں استدعا کی۔ وزیراعظم کے مشیر نے ہم پر اثر انداز ہونے کا الزام لگایا اور حکومت نے بیان دیا کہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ آئی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر خوشنما سلائیڈ کو معیشت کی بھیانک حقیقت سے چھپا نہیں سکتے اور اصل میں ٹریژری بلز میں باہر سے ادھار پیسا آیا ہے۔ پی ٹی آئی نے 23 اکاؤنٹ الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کیے اور پی ٹی آئی کے 23 بے نامی اکاؤنٹس پکڑے جاچکے ہیں۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ان اکاؤنٹس میں ملین ڈالرز کی ترسیلات ہوئی ہیں اور مسلم لیگ ن کا ایسا کوئی اکاونٹ نہیں جو رپورٹ نہ ہوا ہو۔ قوم جاننا چاہتی ہے 23 اکاؤنٹ کیوں چھپائے گئے اور عمران خان  قوم آپ سے رسیدیں مانگ رہی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قوم کو بتایا جائے بھارت، امریکا، مشرق وسطیٰ میں کس کس نے فنڈنگ کی اور پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا ڈاکا پکڑا جاچکا ہے۔ پی ٹی آئی بیرونی فنڈنگ کی منی ٹریل پیش کیوں نہیں کررہی اور بےنامی اکاؤنٹ پر عمران خان قوم کو کیا جواب دیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ عمران خان کو حساب دینا پڑے گا اور حکومت کہتی ہے کہ معیشت بہتر ہورہی ہے۔ لاکھوں لوگ بےروزگار ہورہے ہیں۔ انہوں نے جھوٹ بول کر معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا اور پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا فراڈ پکڑا جا چکا ہے۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرسٹ کی خور دبرد ناقابل معافی ہے اور کل ہم نے الیکشن کمیشن میں اپنی استدعا جمع کرائی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا کوئی اکاؤنٹ خفیہ نہیں ہے اور وزیراعظم کہتے ہیں مہنگائی کیوجہ سےغربت بڑھتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بہت بڑا انکشاف کیا ان کو نوبل انعام ملنا چاہیے اور حکومت کی غلط پالیسیوں سے مہنگائی بڑھی۔ مستقبل میں مزید مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور مہنگائی سے نہ جانے کتنے لوگ خود کشی کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا 100 روز والا پلان کہاں گیا اور پاکستان کسی کھلنڈرے کی نذر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج معیشت تباہ کرکے ملک کو دنیا کا گدا گر بنا دیا گیا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay