پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سری لنکن اسکواڈ اسلام آباد پہنچ گیا

اسلام آباد: پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے سری لنکن ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بدھ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا میچ کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

سری لنکن ٹیم بذریعہ دبئی اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشلز نے مہمان کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔ مہمان ٹیم کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

اس موقع پر سری لنکن ٹیم کے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے لیے اُن کی ٹیم پُرجوش ہے اور پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد کوئی بھی بین الاقوامی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کو تیار نہیں تھی اور ایک دہائی بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی وہیں سے ہورہی ہے جہاں سے یہ سلسلہ ٹوٹا تھا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay