سندھ ہائی کورٹ نے آغا سراج درانی کی ضمانت منظور کرلی

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ضمانت منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے سماعت کے دوران آغا سراج درانی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے آغا سراج سمیت 9 ملزمان کی درخواست ضمانت پر بھی فیصلہ سنادیا۔

ضمانت منظور ہونے کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی بیرون ملک مصروفیات کے باعث قائم مقام گورنر سندھ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی پر زائد اثاثوں اور سرکاری فنڈز میں خورد برد کا الزام ہے۔ آغا سراج درانی کو اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ نیب کی جانب سے آغا سراج درانی کی گرفتاری کی تصدیق بھی کردی گئی تھی۔

احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے سامنے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کو پیش کیا گیا جہاں قومی احتساب ادارے کی جانب سے آغا سراج درانی کیلئے 7 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔

بعدازاں عدالت نے نیب کی جانب سے 7 روز کے راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تین روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا اور آج ہی ملزم کا طبی معائنے کرانے کا بھی حکم دیا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay