سابقہ انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن متنازع ہوا، اکرم درانی

اسلام آباد: خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا ہے کہ سابقہ انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن متنازع ہوا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن کا مکمل اتفاق ہے اور فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا اور ہماری کوشش ہے معاملہ پارلیمنٹ خود حل کرے۔

اکرم درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا مکمل اتفاق ہے اور فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا جب کہ ہم نے الیکشن کمیشن کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مکمل متفق ہے اور چاہتے ہیں معاملہ افہام وتفہیم سے حل ہوجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رہبر کمیٹی کا اس پر اتفاق ہوا سابقہ انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن متنازع ہوا اور ہماری کوشش ہے اب ایسے لوگ ہوں جن پر کوئی انگلی بھی نہ اٹھا سکے۔

چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اپوزیشن نے حکومت کو جگایا، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا اکرم درانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اپوزیشن نے حکومت کو جگایا اور حکومت سے کہا تھا نئی تقرری کا عمل شروع کیا جائے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا عمل پہلے ہی شروع کرنا چاہیے تھا اور حکومت چیف الیکشن کمشنر کے ریٹائر ہونے کا انتظار کرتی رہی۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay