مسلم لیگ(ن)کےرہنمااحسن اقبال کوگرفتارکرلیاگیا

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ نون  کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کرپشن کیس میں گرفتار کیا ہے۔ نیب ترجمان نے بھی سابق وفاقی وزیر داخلہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان کے مطابق احسن اقبال کا آج طبی معائنہ کیا جائے گا جبکہ انہیں کل احتساب عدالت میں ریمانڈ کےلیے پیش کیا جائےگا۔ یاد رہےکہ نیب راولپنڈی نے انہیں آج نارووال اسپورٹس کمپلیکس کرپشن کیس میں طلب کر رکھا تھا۔

واضح رہے کہ  گزشتہ روز احسن اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ نیب کے بلوانے پر ضرور جائیں گے۔ اسپورٹس سٹی منصوبہ میں کوئی کرپشن نہیں کی۔ میرا اس منصوبہ کے تعمیراتی کام سے کوئی تعلق نہیں، کرپشن کے بے بنیاد الزامات سے کردار کشی کی جا رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ نارووال ہندوستان کا حصہ نہیں، پاکستان میں ہے۔ پشاور بی آر ٹی کے ہوتے کسی اور منصوبے کی تفتیش ایک مذاق ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نیازی کی فرمائش ہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر لیڈر اندر کریں۔

 احسن اقبال کا گرفتاری سے پہلے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ناکام حکومت پر اٹھنے والی ہر آواز خاموش کرائی جا رہی ہے، ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay