شہباز شریف اور مریم نواز کیخلاف سنجیدہ کسیز آنے والے ہیں، شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز کیخلاف سنجیدہ کسیز آنے والے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور شہباز شریف جس کام کے لیے لندن گئے ہیں انہیں وہ کرنے دیں۔ بہت ساری افواہیں چل رہی ہیں لیکن کچھ نہیں ہوگا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ شہباز شریف میری پارٹی کے آدمی ہیں اور شہباز شریف سیاست میں واپس آسکتے ہیں۔ امید ہے الیکشن کمشنر کا معاملہ بھی اتفاق رائے سے حل ہوگا اور نیب آرڈیننس پر بھی چلمن کے پیچھے تعاون جاری ہے۔

انکا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کے خلاف سنجیدہ کیسز آنے والے ہیں اور کشمیر کے مسئلے پر ہم نے کمزوری دکھائی۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستانیوں نے تاریخی ردعمل دیا اور ہم سب نے چیلنجز کو ایک آنکھ سے دیکھنا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ کی حمایت پر دونوں جماعتوں کا مشکور ہوں اور فروری مارچ ملک کے لیے مشکل مہینے ہیں۔ فواد چوہدری میں ہمت ہے تو انہوں نے ایسی بات کی اور مسائل ہیں، مہنگائی ہے، لیکن عمران خان کے علاوہ کوئی متبادل نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عوام سے کہتا ہوں ڈیڑھ سال کا اور وقت دیں اور عمران خان کیساتھ سائے کی طرح کھڑا ہوں۔ جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں میں ان کے ساتھ ہوں اور عمران خان کا اتحادی ہوں، پی ٹی آئی کارکن نہیں ہوں۔

انکا کہنا تھا کہ شام، لیبیا اور یمن سے پھیلتی ہوئی جنگ بڑھتی جارہی ہے اور پاکستان نے امریکا ایران چپقلش میں بھی ذمے داری کا مظاہرہ کیا۔ ریلوے کے محکمے میں مارچ میں ایک لاکھ نوکریاں نکلیں گی اور مارچ میں ریلوے میں بڑی تعداد میں لوگ ریٹائرڈ ہوں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سی پیک کا پی سی ون اکتوبر کو جمع کرا دیا، مارچ سے پہلے منظوری ہوجائے گی اور 24 کروڑ ڈالر 10 سال کے عرصے میں واپس ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نہیں آرہے، نہیں آرہے، نہیں آرہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay