پہلا ٹی20: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور: پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جس میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بناکر حریف ٹیم کو جیت کے لئے 142 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز بابراعظم اور احسن علی نے کیا۔ لیکن کپتان اپنی ٹیم کو اچھی شروعات نہیں دے سکے اور بغیر کوئی رن بنائے شفیع الاسلام کی گیند پر لٹن کمر داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کی دوسری وکٹ محمد حفیظ کی گری جو 17 رنز بناکر مصطفیٰ الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تیسرا نقصان احسن علی کا ہوا جو 36 رنز بناکر امین الاسلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ افتخار احمد کی گری جو 16 رنز بناکر شفیع الاسلام کی گیند پر لٹن کمر داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانچواں نقصان عماد وسیم کا ہوا جو 6 رنز بناکر الامین حسین کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ  مصطفیٰ الرحمان، الامین حسین اور امین الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اننگ کا آغاز تمیم اقبال اور محمد نعیم نے کیا اور اپنی ٹیم کو ایک اچھی شروعات دی۔ لیکن 71 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 39 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

بنگال ٹائیگرز کی دوسری وکٹ لٹن کمر داس کی گری جو 12 رنز بناکر شاداب خان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ تیسرا نقصان محمد نعیم کا ہوا جو 43 رنز کی اننگ کھیل کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ عفیف حسین دھرو کی گری جو 9 رنز بناکر حارث رؤف کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ پانچواں نقصان سومیا سرکار کا ہوا جو 7 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان محمود اللہ کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وکٹ اچھی ہے بڑا ہدف دینے کی کوشش ہوگی اور بی پی ایل کی وجہ سے ٹیم پر اعتماد ہے۔

ان کے ہمراہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے جب کہ حارث رؤف اور احسان ڈیبیو کررہے ہیں۔

پاکستان اسکواڈ:

بابراعظم (کپتان)، احسن علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد رضوان، شاداب خان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین شامل تھے۔

بنگلہ دیش اسکواڈ:

محمود اللہ (کپتان)، تمیم اقبال، محمد نعیم، عفیف حسین دھرو، لٹن کمر داس، سومیا سرکار، ایم ڈی متھن، امین الاسلام، شفیع الاسلام، مصطفیٰ الرحمان اور الامین حسین شامل تھے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay