دوسرا ٹی20: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور: دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈٰیم میں کھیلا گیا۔ جس میں مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بناکر حریف ٹیم کو جیت کے لئے 137 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز بابراعظم اور احسن علی نے کیا۔ لیکن احسن علی بغیر کوئی رن بناکر شفیع الاسلام کی گیند پر کپتان  محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم 66 اور محمد حفیظ 67 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

 بنگلہ دیش کی جانب سے اننگ کا آغاز تمیم اقبال اور محمد نعیم نے کیا۔ لیکن محمد نعیم اپنی ٹیم کو اچھی شروعات نہیں دے سکے اور بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ  مہدی حسن کی گری جو 9 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تیسرا نقصان لٹن کمر داس کا ہوا جو 8 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈیبلیو آؤٹ ہوئے۔

بنگال ٹائیگرز کی چوتھی وکٹ عفیف حسین دھرو کی گری جو 21 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانچواں نقصان تمیم اقبال کا ہوا جو 65 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر عماد وسیم کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ محمود اللہ کی گری جو 12 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کیں۔

پاکستان اسکواڈ:

بابراعظم (کپتان)، احسن علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد رضوان، شاداب خان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین شامل تھے۔

بنگلہ دیش اسکواڈ:

محمود اللہ (کپتان)، تمیم اقبال، محمد نعیم، مہدی حسن، لٹن کمر داس، عفیف حسین دھرو، سومیا سرکار، امین الاسلام، شفیع الاسلام، مصطفیٰ الرحمان اور الامین حسین شامل تھے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay