عمران خان کی دیانت داری کی قسم کھاسکتا ہوں، شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان کی دیانت داری کی قسم کھاسکتا ہوں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا مغلپورہ ڈرائی پورٹ پر نئی فریٹ ٹرین کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریلوے کی ترقی ملک کی ترقی ہے اور سی پیک پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی اور ایم ایل ون ہر صورت مکمل ہوگا۔ فریٹ ٹرینوں پر ٹریکر نصب کیے جائیں گے اور میری زندگی کا مقصد ایم ایل ون ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کے بعد مستعفی ہوجاؤں گا اور ایم ایل ون انقلابی اقدام ہے، حکومت اسے مکمل کرے گی۔ ایک ماہ میں 5 ڈرائی پورٹس کھولنے جارہے ہیں اور مغلپورہ ڈرائی پورٹ میں فریٹ ٹرین آپریشن 4 سال بعد شروع ہوا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ فریٹ ٹرین مغلپورہ ڈرائی پورٹ سے کراچی پورٹ تک چلے گی اور مغلپورہ ڈرائی پورٹ سے روزانہ ایک ٹرین چلائی جائے گی۔ 16 ماہ میں جو مسائل ہمیں ملے کسی اور حکومت کو نہیں ملے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کوئی ہفتہ ایسا نہیں ہوتا جب حکومت کو کسی مسئلے سے نہ نمٹنا ہو اور معیشت مضبوط ہوگی توعوام کو روزگار ملے گا۔ کابینہ اجلاس میں آٹے کی برآمدات کے خلاف ووٹ دیا تھا اور مانتا ہوں آٹا بحران پر ہم قابو نہیں پاسکے۔

انکا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ جھوٹ کی آما جگاہ ہے اور عمران خان ہر مشکل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کوئی ڈیل نہیں ہوئی اپوزیشن لیٹی پڑی ہے اور ملک میں مضبوط پرائس کنٹرول کمیٹی ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں اضافے کی ذمہ داری چینی مافیا ہے اور چوروں، ڈاکوؤں اور لٹیروں نے خزانے کو لوٹ لیا۔ میں سمجھتا ہوں عمران خان نے جتنی محنت کی اتنا پھل نہیں ملا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف جانا مجبوری اور ضروری ہے اور 6 ارب ڈالر کوئی اور دے دیتا تو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑتا۔ مشکل وقت میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ ہوگا اور دنیا کی کوئی طاقت سی پیک کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 10 سال کے عرصے میں ملک کے قرضے ادا کردیئے جائیں گے اور مال بردار گاڑیوں پر بھی ٹریک سسٹم لگایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل زندگی کا مشن ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay