نوازشریف نے واپس نہیں آنا، مریم نے ملک سے باہر نہیں جانا، شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے واپس نہیں آنا اور مریم نواز نے ملک سے باہر نہیں جانا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کررہے ہیں اور سپریم کورٹ میں پیش کی گئی آڈٹ رپورٹ موجودہ دور کی نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 31 ارب روپے ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں ادا ہوتے ہیں اور سرکلر ریلوے کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کررہے ہیں۔ 38 کلو میٹر ٹریک کیلئے چیف سیکرٹری سندھ کو آگاہ کردیا۔

انکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ موجودہ دور کی نہیں ہے اور عدالتی حکم کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کو 15 روز میں بحال کرنا ہے۔ ریلوے کی اراضی سندھ حکومت کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ ریلوے ملازمین کو پنشن کی مد میں 42 ارب روپے جاتے ہیں اور چوہدری برادران کے بیان پر حیران ہوا ہوں۔ حکومتی اتحادی (ق) لیگ اور ایم کیو ایم حکومت میں شامل رہیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کیلئے کراچی جارہا ہوں اور نواز شریف نے واپس نہیں آنا، مریم نواز نے ملک سے باہر نہیں جانا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف واپس آسکتے ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay