دوسرے دن کا کھیل ختم: پاکستان کے 3 وکٹ پر 341 رنز

راولپنڈی: پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹ کے نقصان پر 341 رنز بنالئے۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 2 میچز پر مشتمل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ جس میں مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے 233 رنز کے جواب میں پہلی اننگ کا آغاز عابد علی اور شان مسعود نے کیا۔ لیکن عابد علی اپنی ٹیم کو اچھی شروعات نہیں دے سکے اور بغیر کوئی رن بنائے ابو زید چوہدری کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عابد علی کے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود اور کپتان اظہر علی کے درمیان 91 رنز کی شراکت ہوئی۔ لیکن اظہر علی 34 رنز کی اننگ کھیل کر ابو زید چوہدری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تیسرا نقصان شان مسعود کا ہوا جو شاندار سنچری لگا کر تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر بابراعظم 143 اور اسد شفیق 60 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے ابو زید چوہدری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور تیج الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اسکواڈ:

اظہر علی (کپتان)، شان مسعود، عابد علی، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

بنگلہ دیش اسکواڈ:

مومن الحق (کپتان)، تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین، محمود اللہ، محمد مٹھن، لٹن داس، تیج الاسلام، روبیل حسین، ابو زید چوہدری اور عبادت حسین شامل ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay