ایم سی سی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی‏

لاہور: مارلی بون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کی قیادت میں7 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ  پر مارلی بون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم کا استقبال کیا۔ کمار سنگاکارا 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں جب کہ ‏ایم سی سی کی ٹیم 48 سال بعد پاکستان پہنچی ہے۔

اس موقع پر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایم سی سی کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں اور خوشی ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے۔

سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کا کہنا تھا کہ شاندار میزبانی کرنے پر پی سی بی کے شکر گزار ہیں اور پاکستان میں کرکٹ سے بہت یادیں وابستہ ہیں۔ وقار، شعیب، انضمام کے ساتھ پاکستان میں کرکٹ کھیل چکا ہوں۔

کمار سنگاکارا کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ایک واقعے کے بعد پاکستان سے کرکٹ ختم ہوئی اور امید ہے دوسری ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوشی ہے سری لنکا پاکستان آنے والی پہلی ٹیم بنی۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay