رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری نوشہرو فیروز میں فائرنگ سے جاں بحق

پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری نوشہرو فیروز میں فائرنگ کے واقعے سے جاں بحق ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری پر ضلع نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی اور انہیں تشویشناک حالت میں نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق شہناز انصاری کو 3 گولیاں لگیں ہیں۔ شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے آئی تھیں۔

واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

بلاول بھٹو:

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہناز انصاری کے قتل کی خبر سن کر صدمے میں ہوں اور وہ ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہناز انصاری کے قتل کی فوری تحقیقات کی جائیں اور شہناز انصاری کے قاتلوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غم کی اس گھڑی میں شہناز انصاری کے سوگوار اہلخانہ کے ساتھ ہوں۔

ناصر حسین شاہ:

صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ کا شہناز انصاری کے قتل پر مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہناز انصاری نے پارٹی کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

شہلا رضا:

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلارضا کا کہنا تھا کہ شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے آئی تھیں اور چھوٹی بہن کا سسرالیوں سے جائیداد کا تنازع تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ شہناز انصاری پر فائرنگ بہن کے دیور نے کی۔

نفیسہ شاہ:

پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ شہناز انصاری پر فائرنگ کا واقعہ بہت افسوسناک ہے اور ان کے قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ شہناز انصاری کا پارٹی اور سندھ اسمبلی میں نمایاں کردار رہا ہے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور شہناز انصاری کے اہلخانہ کےغم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہناز انصاری کے اہلخانہ سے رابطہ نہیں ہوا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay