تحریک انصاف کی قیادت فیاض چوہان کی زبان کو لگام ڈالے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت فیاض چوہان کی زبان کو لگام ڈالے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا فیاض چوہان کے بیان پر ردعمل میں کہنا تھا کہ فیاض چوہان بدزبانی پر پہلے بھی معزول ہوچکے ہیں اور بلاول بھٹو پر الزام تراشی فیاض چوہان کا دماغی عارضہ ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت فیاض چوہان کی زبان کو لگام ڈالے اور آصف زرداری سے مخاصمت ہی فیاض چوہان کا ایجنڈا ہے۔ حکومت سندھ پر تنقید سے پہلے فیاض چوہان اپنے گریبان میں جھانکیں۔

انکا کہنا تھا کہ عزیز میمن کے قتل پر بلاول بھٹو پر تنقید کرنا ذہنی دیوالیہ پن ہے اور فیاض چوہان سیاسی اخلاقیات سےعاری شخص کا دوسرا نام ہے۔ اپنی ناکامی پر پیپلزپارٹی پر تنقید پی ٹی آئی کی شکست فاش ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے عوام کی آواز بن چکے ہیں اور فیاض چوہان اپنی زبان سے زہر اگلنے کے سوا کچھ نہیں کرسکتے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay