یہ حکومت غریب دشمن ہے، بلاول بھٹو

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ حکومت غریب دشمن ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج نوجوان ہاتھوں میں ڈگری لیے گھوم رہے ہیں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 9 لاکھ افراد کو فارغ کردیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر حملہ غریب عوام پر ہے اور نالائق، نااہل حکمرانوں کو غریب خواتین کی مالی امداد برداشت نہیں۔ 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ انکروچمنٹ کے نام پر گھر گرائے جارہے ہیں اور عام آدمی سے گھر چھین رہے دکانیں گرارہے ہیں۔ ہر شعبہ میں لوگوں کو بےروزگار کیا جارہا ہے اور دکھائے گئے خواب پرانے پاکستان میں رہ گئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر گھوم رہے ہیں اور روزگار والوں کو بھی بےروزگار کیا جارہا ہے۔ یہ حکومت غریب دشمن ہے اور جس طرح آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کی وہ نالائقی کا ثبوت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کی ساری باتیں مان لیں اور حکومت صرف امیروں کو ریلیف دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کہا خفیہ ادارے مہنگائی کی تحقیقات کریں گے اور حساس ادارے دہشتگردی کیخلاف لڑیں یا مہنگائی کی تحقیقات کریں گے؟

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay