عمران خان آج بھی خود کو اپوزیشن لیڈر سمجھتے ہیں، مرتضیٰ وہاب

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ عمران خان آج بھی خود کو اپوزیشن لیڈر سمجھتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معاشی پالیسی سے کوئی بھی مطمئن نہیں اور معیشت کا پہیہ چل  رہا ہو تو لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ عمران خان آج بھی خود کو اپوزیشن لیڈر سمجھتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہر بات پر یوٹرن نہیں لینا چاہیے اور وزیراعظم کوعوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ آپ کی پالیسی لوگوں کو تکلیف دینا تھی اور بتائیں ہم کیا کریں، کہاں جائیں؟

انکا کہنا تھا کہ ہر شخص غلط پالیسیوں پر سراپا احتجاج ہے اور سی این جی بھی صرف سندھ میں بند ہے۔ ہمیں آئینی حق بھی نہیں دیا جاتا اور زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے بیان بازی کی جارہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت بلاول بھٹو کے سامنے ٹک نہیں پائے گی اور ملک میں گیس، بجلی، آٹے اور چینی کا بحران ہے۔ عمران خان ماضی کی حکومتوں پر الزامات لگاتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ غلط معاشی پالیسی کی وجہ سےعوام استحصال کا شکار ہیں اور پی ٹی آئی نے عوام کو سہانے خواب دکھائے تھے۔ غریب عوام حکومت کے یوٹرنز کا خمیازہ بھگت رہے ہیں اور ہماری تربیت بےبنیاد الزامات لگانے کی اجازت نہیں دیتی۔

انکا کہنا تھا کہ ہم بھی بے بنیاد الزامات لگا سکتے ہیں اور سندھ حکومت فیصلہ کر چکی ہے کہ آئی جی اطمینان بخش نہیں ہے۔ کلیم امام سندھ حکومت کے آئی جی ہیں، تحریک انصاف کے نہیں اور تحریک انصاف کلیم امام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ابھی تک آئی جی کلیم امام نوشہرو فیروز نہیں پہنچے اور کلیم امام سمجھتے ہیں دفتر میں بیٹھ کر ٹیکنالوجی کی مدد سے صورتحال سنبھال لیں گے۔ امید ہے الیکشن کمیشن عمر کوٹ میں اپنی ذمہ داری ادا کرے گا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ عمر کوٹ کے عوام نے پی ٹی آئی کو پہلے مسترد کیا اب بھی کریں گے اور سندھ واحد صوبہ ہے جہاں پولیس خود مختار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب، کے پی اور وفاق میں حکومت پولیس کو چلاتی ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay