وزیرخارجہ کا کوروناوائرس کی وبا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کوروناوائرس کی وباء کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ہے۔

فرانس کے ہم منصب Jean Yves Le Drian سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے فرانس میں کوروناوائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے فرانس میں کوروناوائرس سے متاثر ہونےوالے 13 پاکستانیوں کو بروقت علاج معالجے کی فراہمی اور ان کی دیکھ بھال کرنے پر فرانسیسی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں تاکہ وہ اس وبا سے نمٹنے کےلئے اپنے وسائل بروئے کار لاسکیں۔

شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی ہم منصب کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کے نفاذ اور اس کے نتیجے میں ادویات اور خوراک کی قلت کے باعث 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کی ابتر حالت زار سے متعلق آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بے گناہ کشمیریوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کے پیش نظر اپنا کردار ادا کرے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو کوروناوائرس کی وبا کے باعث معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ان ملکوں کو قرضوں کی ادائیگی میں چھوٹ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

فرانس کے وزیرخارجہ نے ایران کے خلاف پابندیوں اورترقی پذیر ملکوں کو درپیش معاشی مشکلات کا معاملہ گروپ 20 کے رکن ملکوں کے ساتھ اٹھانےکا عندیہ دیا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay