پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد1373 ہوگئی

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد1373 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سندھ کے متاثرین سے تجاوز کر کے 490 ہوگئی جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 179 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1373 ہوگئی ہے۔

سندھ میں 440، پنجاب میں 490، خیبر پختونخوا میں 180، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان میں 97، اسلام آباد میں 27 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق، 23 مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

سندھ

سندھ میں  گزشتہ  روز(جمعے کو) کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 440 ہوگئی جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق 11 نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جو لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں اور حیدرآباد میں لوکل ٹرانسمیشن کا ایک کیس سامنا آیا جب کہ لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد شہر میں کیسز کی کل تعداد 164 اور حیدرآباد میں 3 کیسز ہوچکے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق سکھر میں کورونا وائرس میں مبتلا زائرین کی تعداد 265 اور لاڑکانہ میں 7 ہے۔

پنجاب

جمعہ کو پنجاب میں مزید 85 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 490 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب  گزشتہ  روز ہی پنجاب میں کورونا کے 2 مریض کی ہلاکت کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

لاہور کے میو اسپتال میں 73 سالہ بزرگ اور فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔

میو اسپتال کے کورونا وارڈ میں 73 سالہ مریض کی طبیعت بگڑی تو عملے نے بجائے آکسیجن یا دوا دینے کے اسے بیڈ سے باندھ دیا جس پر مریض چیختا چلاتا رہا اور طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔

یاد رہےکہ کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعے کو کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعے کو کورونا کے مزید 16 کیسز سامنے آئے۔ مشیر مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق گلگت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 103ہو گئی ہے۔

آزاد کشمیر

جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay