ملک میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد چل بسے

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد انتقال کر گئے جس کے بعدہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی۔ دو اموات کراچی اور ایک ایبٹ آباد کے اسپتال میں ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے ترجمان نے سندھ میں کورونا وائرس سے 2 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں افراد نمونیہ اور کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ جاں بحق دونوں افراد کراچی کے رہائشی ہیں۔ جاں بحق ہونے والے دونوں مرد حضرات کی عمریں 83 سال اور 70 سال تھیں اور وہ کراچی کے رہائشی تھے۔

اس سے قبل کورونا سےانتقال کرنے والا پہلا مریض بھی کراچی کا رہائشی 77 سالہ شخص تھا جو کینسر، ذیابطیس اور بلڈ پریشر کے امراض میں بھی مبتلا تھا۔

ان دو نئی ہلاکتوں کے بعد اب تک کراچی میں کورونا وائرس سے 3 اموات ہو چکی ہیں۔ادھر ایبٹ آباد میں انتقال کر نے والا متوفی الیاس اسپتال میں زیرِ علاج تھا، جو ایک ہفتے قبل ہی تبلیغ سے لوٹا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 1530 ہو گئی

ملک میں کورونا وائرس کے مزید 26 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 1530 ہو گئی، اس موذی وائرس سے اب تک ملک بھر میں14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کی پنجاب میں 558 افراد، سندھ میں481، خیبر پختون خوا میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد میں تصدیق ہوئی ہیں۔ جبکہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 28 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 11 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay