کورونا وائرس: سخت لاک ڈاؤن پر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے معافی مانگ لی

بھارت میں وبائی مرض کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک کو سخت لاک ڈاؤن کیے جانے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندری مودی نے اپنی عوام سے معافی مانگ لی ہے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے اپنے خطاب میں عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں سخت اقدامات پر معافی مانگتا ہوں جو آپ کی زندگی میں مشکلات کا سبب بنے، خاص کر ملک کے غریب عوام سے معافی مانگتا ہوں۔

بھارتی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے غریب یقیناً سوچ رہے ہوں گے کہ یہ کس طرح کا وزیراعظم ہے جس نے ہمیں اتنی مشکل میں ڈال دیا لیکن لوگوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، اب تک جو اقدامات کیے گئے وہی بھارت کو کورونا کے خلاف فتح دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ آپ میں سے کچھ لوگ مجھ سے ناراض ہیں مگر یہ سخت اقدامات ہی اس جنگ کو جیتنے کے لیے ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوچکی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے ملک میں کورونا کی روک تھام روکنے کے لیے 21 روز کے سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جسے جنتا کرفیو کا نام دیا گیا اور یہ بھارت میں 25 مارچ سے نافذ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی حکومت نے کورونا کے باعث 22 ارب ڈالر سے زائد کے پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے جس کے ذریعے غریب افراد کو کیش اور اشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں گی۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay