ہمیں کورونا وائرس کے مسئلے کےساتھ غربت جیسے چیلنج کا سامنا ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں کورونا وائرس کے مسئلے کے ساتھ ساتھ غربت جیسے چیلنج کا سامنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث صنعت و تجارت اور توانائی کے شعبوں اور معاشرے کے نادار طبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر مشکل کی اس گھڑی میں عوام اور معیشت کے ہر شعبے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کو انتہائی غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے اور حکومتی اداروں کو اس بحران میں فعال کردارادا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا وائرس کے مسئلے کے ساتھ ساتھ غربت جیسے چیلنج کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے قومی تحفظ خوراک کے وزیر کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں ضروری اشیاء کی دستیابی پر نظر رکھیں اور یقینی بنائیں کہ آٹا ‘ د الوں ‘ چاول ‘ گھی اور چینی کی کوئی قلت نہ ہو۔

وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکام پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی جو غذائی صورتحال کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کرے گی اور اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

سماجی تحفظ کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں نادار طبقات کو امداد کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay