آئندہ دنوں میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونیوالےمریضوں کی تعداد میں اضافہ نظرآئیگا،ڈاکٹرظفر

صحت کے بارے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے یقین ظاہر کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں قومی سلامتی ڈویژن کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف اور ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چئیرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پاکستان میں کرونا وائرس کے ننانوے مصدقہ کیس سامنے آئے ہیں جو گزشتہ روز کے مقابلے میں کم ہیں ۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے محققین اور ماہرین سے کرونا وائرس کے علاج کے طریقہ کاریا خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز طلب کی ہیں۔

این ڈی یم اے کے چیئرمین نے کہا کہ قومی ادارہ صحت کے تعاون سے ملک کے مختلف اسپتالوں کو سات مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گجرات اور بہاول پور میں کرونا وائرس کی تشخیص کی سہولتیں جلد دستیاب ہوں گی جبکہ سر گودھا میں لیبارٹریوں کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سندھ حکومت کو بیس ہزار جبکہ پنجاب کو پانچ ہزار ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں پانچ طیارے چین روانہ کئے جائیں گے جن کے ذریعے وینٹیلیٹر، ذاتی حفاظتی سامان اور دوسرے ضروری طبی آلات منگوائے جائیں گے۔

قومی سلامتی ڈویژن کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ حکومت ملک میں اشیاء کی نقل و حمل سے متعلق مختلف طریقوں پر غور کر رہی ہے۔ تاہم پاکستان ریلوے کی مسافر ٹرینوں کی بحالی سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ ماہ ہوائی اڈے بتدریج دوبارہ کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے یا متعلقہ حکومتوں سے ان کے ویزے حاصل کر لئے گئے ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay