فواد چودھری کی کوئی حیثیت نہیں: مفتی منیب الرحمن کا وفاقی وزیر پر پابندی کا مطالبہ

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے وزیر اعظم عمران خان سے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کو دین میں مداخلت سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر وزارت تک محدود رہنے کی پابندی لگنی چاہیے۔

شوال کے چاند کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران مفتی منیب الرحمٰن نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ہم شریعت کے پابند ہیں، انہوں نے گزشتہ ماہ بھی چاند سے متعلق بتایا تھا لیکن ہم نے شریعت کے مطابق فیصلہ کیا۔ ہم پر کسی صدر یا وزیراعظم کا کوئی دباؤ نہیں، اگر دباؤ ہوا تو مستعفی ہو جائینگے۔ صرف شریعت پر عمل کرنے کے پابند ہیں، ہمارے لیے دین اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو دین میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، ہم ان کی دین میں مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فواد چوہدری کو اس سے روکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نے ایک ماہ قبل کہا تھا کہ ہم چاند پر لوگ بھیجیں گے تو وہ اس کام پر لگ جائیں، انہوں نے عالمی معیار کے وینٹی لیٹرز بنا کر دنیا بھر میں برآمد کرنے کی بات کی تو وہ یہ کرکے دکھا دیں، ان کی کچھ محرومیاں اور مایوسی ہے اس کے لیے دین کو نشانہ نہ بنائیں۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ عید کے معاملات پر بولنا ان کا کام ہے جو نمازیں ادا کریں، روزے رکھیں، فواد چودھری حلفیہ طور پر قوم کو بتائیں کہ انہوں نے کتنی نمازیں ادا کیں، کتنے روزے رکھے ان کا عید سے کیا رشتہ بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ جانے حکومت میں کیا مسئلہ ہے کہ کابینہ کے ایک وزیر کا رخ کسی طرف ہوتا ہے تو دوسرے کا کسی دوسری طرف، فواد چودھری پر ان کی اپنی وزارت تک محدود رہنے کی پابندی لگنی چاہیے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay