ایئربس کی ٹیم نے طیارہ حادثے کے مقام کا دورہ مکمل کرلیا

کراچی میں قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 8303 گر کر تباہ ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے فرانس سے آئی ہوئی ایئربس کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔

سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے متعلقہ افسران نے جائے وقوعہ پر ٹیم کی معاونت کی۔ذرائع کے مطابق جائے حادثہ پر سی اے اے کا فائر ڈپارٹمنٹ اور پی آئی اے کے فلائٹ سیفٹی اور انجینئرنگ کے افسران جائے حادثہ پر بریفنگ دے رہے ہیں۔

ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن کی ٹیم بھی ایئربس ٹیم کے ہمراہ موجود ہے۔ ایئربس کی ٹیم نے حادثے کے شکار طیارے کے ملبے کا معائنہ کیا۔تحقیقاتی ٹیم نے طیارے کے انجنوں، لینڈنگ گیئر، ونگز اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ ٹیم نے طیارہ ٹکرانے سے ٹوٹنے والے گھروں کا بھی معائنہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ٹیم نے طیارے کے ملبے اور متاثرہ عمارتوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔

قبل  ازیں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایئربس بنانے والی کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر کی 11 رکنی ٹیم آج صبح کراچی پہنچی۔

ایئر بس کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزرز فرانس کے جنوبی شہر ٹولائوس سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے تھے۔فرانسیسی ٹیکنیکل ماہرین نے خصوصی پرواز نمبر اے ای بی 1888 میں پاکستان کا سفر کیا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل ایڈوائزرز کو لانے والی ایئر بس اے 330 نے صبح 6 بج کر 35 منٹ پر کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔

کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے کے حکام، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے افسران نے ٹیکنیکل ایڈوائزرز کا استقبال کیا، ٹیم کراچی ایئر پورٹ پر واقع ہوٹل میں قیام پذیر ہوئی ہے۔ ٹیکنیکل ماہرین 22 مئی کو کراچی میں پرواز پی کے 8303 کی تباہی کی وجوہات کا کھوج لگائیں گے، ایئر بس ماہرین طیارہ حادثے کی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم سے مشاورت کے لیے آئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق طیارہ ساز کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم کے ارکان کراچی ایئر پورٹ کے رن وے 25 ایل کا معائنہ کریں گے جہاں پائلٹ نے اس پرواز کو گیئر کھلے بغیر لینڈ کرانے کی کوشش کی تھی۔

ٹیم کے ارکان پاکستانی تحقیقاتی حکام کے ہمراہ جائے حادثہ کا بھی دورہ کریں گے، تحقیقات کے لیے جائے حادثہ سے تباہ شدہ ایئر بس کی باقیات کی منتقلی پہلے ہی روکی جا چکی ہے۔ٹیم تیاری کا بلیک باکس اور دیگر ضروری آلات اپنے ساتھ لے جائے گی۔

ایئر بس انتظامیہ تحقیقات میں پی آئی اے اور پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو بھرپور تکنیکی معاونت فراہم کی ۔ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل کر کے ٹیم آج رات کراچی سے فرانس روانہ ہوگی۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay