آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی،مشیر خزانہ

Abdul-Hafeez-Sheikh

خزانہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فنڈز مختص کر رہی ہے اور عزم ظاہر کیا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے جو ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔مشیر نے کہا کہ حکومت کو ایک ہی وقت میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور معیشت کے چیلنجوں کا سامنا ہے اور وہ قومی معیشت کے استحکام اور کرونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبوں کے اشتراک سے زرعی پالیسی متعارف کرائے گی اور اس سلسلے میں کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کھاد کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تعمیراتی صنعت کے لئے مزید سہولیات فراہم کرے گی اور پاکستان ہائوسنگ سکیم کیلئے90 فیصد ٹیکس کم کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانا ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay