مسلمانوں کیخلاف انتہاپسندانہ رویہ انسانی حقوق کی پامالی ہے،شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اقومِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے مسلمانوں کے حق میں دیئے گئے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے ایک بیان می وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ بات خوش آئند اور ہمارے مؤقف کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا اسلامو فوبیا کے تدارک کو ترجیح دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کو مسلمانوں کے ساتھ منسوب کرنا نفرت پر مبنی بھارتی انتہا پسند سیاسی جماعت بی جے پی کی سوچ کی عکاسی ہے۔
سینیٹر شبلی فراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف انتہا پسندانہ رویہ انسانی حقوق کی پامالی ہے۔

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلامی ممالک کی تنظیم کے اقوامِ متحدہ میں رکن ممالک کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت اور اسلامو فوبیا کا خاتمہ اقوامِ متحدہ کی پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ اس کا مکمل جائزہ لیا جانا چاہئے کیونکہ یہ عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay