پاکستانی فوج نے ایل او سی پر ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا

راولپنڈی: پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرنے والے ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جاسوس ڈرون 700 میٹر تک پاکستان کی حدود میں گھس آیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون ایل او سی پر کنزالوان سیکٹر سے داخل ہوا جسے نیکرون سیکٹر میں گرایا گیا۔

خیال رہے کہ 27 مئی کو بھی پاک فوج نے ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر پر بھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ جاسوس ڈرون پاکستان کی حدود میں 650 میٹر تک گھس آیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پاک فوج نےبھارت  کے 3 ڈرون مار گرائے تھے۔ پہلا کواڈ کاپٹر یکم جنوری 2019ء کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔ ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔

پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کا ایک جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر گھس آیا تھا جسے ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر میں گرادیا گیا تھا۔

6 مارچ 2018ء کو چری کوٹ سیکٹر میں پاک فوج نے بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا تھا۔ اکتوبر 2017ء میں رکھ چکری سیکٹر میں جاسوسی کرنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔

نومبر 2016ء میں پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر گھسنے والے بھارتی ڈرون کو پاک فوج نے نشانہ بنا کر گرا دیا تھا۔ اس کے علاوہ 15 جولائی 2015ء کو بھمبر کے علاقے میں گرایا گیا تھا جو پاکستانی علاقوں کی فوٹو اتارنے کی کوشش کر رہا تھا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay